لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سبزی منڈی شاہدرہ میں صفائی آگاہی واک
لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی)کے زیرِ اہتمام شہریوں میں صفائی سے متعلق بیداریء شعور کے لیے متعدد صفائی و آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں بالخصوص سکول کے طلبا اور گھریلو خواتین کو ایل ڈبلیوایم سی کے صفائی اقدامات پر معلومات دی گئی اور شہر میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لیے کوڑادانوں کے استعمال پر آگاہی دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈبلیوایم سی کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سبزی و فروٹ منڈی شاہدرہ میں کیمپ لگا کر آگاہی واک کی گئی جس میں سربراہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور، ڈپٹی منیجر شفقت رسول ، اسسٹنٹ منیجر ز محمد عمیر خان، رحمان راشد اور سوشل موبلائزرز پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔ ہم نے مقامی سکول سکول سسٹم کے پرنسپل نے طلبا کے ہمراہ شرکت کی اور منڈی کی صفائی یقینی بنانے کے لیے خریداروں اور دوکانداروں کو کوڑادانوں کے استعمال پر متحرک کیا۔اس موقع پر آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے عملہ و مشینری تعینات کر کے صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول سبزہ زار اور گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول سلطان پورہ میں بھی طلبا کو صفائی کی اہمیت پر لیکچر دیا گیا اور صفائی کے پیغام پر مبنی ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی۔