پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ،جشن بہاراں 2015منانے کا فیصلہ

پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ،جشن بہاراں 2015منانے کا فیصلہ

لاہور(پ ر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس وائس چیئرمین افتخار احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں گزشتہ امور کی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نئے منصوبہ جات کی منظوری بھی دی گئی ۔تفصیل کے مطابق محکمہ میں 642 کنٹریکٹ ملازمین کو جلد مستقل کئے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے وائس چیئر مین افتخار احمد نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب سے محکمہ میں مزید 2600 مستقل مالیوں کی آسامیاں پیدا کرنے کی استدعا کی گئی ہے منظوری ملنے کے بعد جلد عمل درآمد ہوگا مزید یہ کہ قبل ازیں جزوقتی کام کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جشنِ بہاراں 2015 منعقد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا،اس مرتبہ جشنِ بہاراں کے ہر پروگرام میں سانحہ پشاور کے شہید بچوں کو یاد رکھتے ہوئے مقابلہء مصوری میں بھی انہیں موضوع بنایا جائے گا۔وائس چیئر مین افتخار احمد نے خصوصی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ بہاراں کے دوران پھولوں کی نمائش کے فاتحین کو دیگر انعامات کے علاوہ ان کی والدہ کی جانب سے 10,000 روپے نقد انعام آئندہ 10 سال تک دیا جاتا رہے گا۔جیلانی پارک میں منی گالف کورٹ بنانے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا کیونکہ قبل ازیں اس پارک میں بچوں کی تفریح کیلئے خاطر خواہ انتظام موجود ہے۔رکن اسمبلی رمضان صدیق بھٹی نے جشنِ بہاراں کے دوران ملی نغمہ کے مقابلہ میں فاتح قرار دیئے جانے والے بچوں کے لئے اپنی جانب سے بھی خصوصی شیلڈ کا اعلان کیا ۔ \"موسمِ بہار شجر کاری مہم\" میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے اس کے علاوہ وائس چیئر مین افتخار احمد نے خصوصی طور پر یہ کہا کہ شہدائے پشاور کی یاد میں تمام بڑے پارکوں میں پودے لگاتے ہوئے ان کی تصاویر اور نام بھی درج کئے جائیں گے۔لاہور سے گزرنے والے گندے نالوں کی نشاندہی کرکے ان کے کناروں پر خوشبو دار پودے کاشت کئے جائیں گے۔جوہر ٹاؤن میں ایک تفریحی پارک کی تعمیر کے سلسلہ میں ایک نجی ادارہ کی تجویز کو ضابطہ کے مطابق پرکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی ایچ اے کے مجوزہ \" تتلی گھر\" کے منصوبہ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ افتخار احمد وائس چیئرمین کی سربراہی میں محسن لطیف (ایم پی اے) ، رمضان صدیق بھٹی (ایم پی اے)، کیپٹن محمد عثمان یونس (ڈی سی او لاہور)، محمد اسلم راؤ ، تنویر احمد صوفی،احمد رافع عالم،حسن زاہد ماہر ماحولیات، محترمہ نوشین سرفراز،نمائندہ سیکرٹری فنانس،نمائندہ سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ،نمائندہ سیکرٹری ہاؤسنگ، اور شکیل احمد (ڈی جی پی ایچ اے)نے اجلاس میں شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1