ورلڈ کپ ٹیم میں اَن فِٹ کھلاڑی!

ورلڈ کپ ٹیم میں اَن فِٹ کھلاڑی!

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی دشواریوں میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے اور یہ احساس ہونے لگا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے گی۔ پہلے تو کرکٹ ٹیم کے چناؤ میں غلطیاں ہوئیں پھر سعید اجمل ا ور حفیظ باؤلنگ ایکشن کے باعث پابندی کا شکار ہو گئے عمر گل اور جنید خان ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ ہی نہ جا سکے۔ اب خبر ہے کہ بلاول بھٹی خراب کارکردگی اور محمد حفیظ زخمی ہونے کی وجہ سے واپس آ رہے ہیں۔ فاسٹ باؤلر سہیل خان پہلے وارم اپ میچ میں بمشکل چھ اوور کرا سکے اور ان فٹ ہو گئے، پاکستان سے فاسٹ باؤلر راحت اور اوپنر ناصر جمشید کو جنید خاں اور محمد حفیظ کے بدلے آسٹریلیا بھیجا گیا ہے۔ٹیم کے جو حالات اور مشکلات ہیں ان کی وجہ سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں کہ خود کپتان اور قائمقام کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے بھی مایوس ہی کیا ہے۔ ایسے میں قوم کی دعائیں کیا رنگ لائیں گی۔ پاکستان کرکٹ میں جو سازشیں ہوتی ہیں ان کی وجہ سے یہ نوبت آئی ہے کہ پہلے 30 کھلاڑی چنتے وقت ہی کامران اکمل اور شعیب ملک کو نظر انداز کر دیا گیا اور معین خان نے اپنی پسند کی ٹیم منتخب کرائی۔ حالانکہ کھلاڑی مکمل طور پر فٹ بھی نہ تھے۔ اب نتیجہ سامنے آنے لگا ہے۔ بہر حال قوم کی دعائیں اور توقعات تو ہیں۔ اب معین خان کی منتخب کی ہوئی ٹیم کو ہی جان لڑانا ہو گی۔ اس کے علاوہ یہ ضروری ہو گیا ہے کہ کرکٹ سے سازشوں کا عنصر ختم کیا جائے اور میرٹ کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

مزید : اداریہ