ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں 3 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی
کراچی(اکنامک رپورٹر)رواں مالی سال 2014-15 کی پہلی ششماہی (جو لائی تا دسمبر 2014)کے دوران ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں 3 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔وفاقی ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2014-15 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات سے6ارب 89کروڑ8لاکھ 23ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں ۔جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14 میں جولائی تا دسمبر کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 6ارب 92کروڑ 12لاکھ 20ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 10.09 فیصد ، تولیہ کی برآمدات میں 2.84 فیصد ،ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 9.83 فیصد اور سلک اور سینتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 8.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم خام کاٹن کی برآمدات میں 17.91فیصد اور کاٹن کے ملبوسات کی برآمدات میں 17.43فیصد کی کمی رہی جس کے باعث ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔