دوسرے روز بھی مندا،100 انڈیکس مزید 137 پوائنٹس گر گیا

دوسرے روز بھی مندا،100 انڈیکس مزید 137 پوائنٹس گر گیا

کراچی (اکنامک رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے دن منگل کوبھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 34500پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں10ارب76کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت0.86 فیصدزائد جبکہ59.83حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،سیمنٹ ،بینکنگ اور فرٹیلازئر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34732پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس137.41پوائنٹس کمی سے 34432.89پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 371 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 129کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 222کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں10ارب،76کروڑ8لاکھ96ہزار 578روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت گھٹ کر 78کھرب28ارب 70کروڑ81لاکھ 2ہزار 326 روپے ہوگئی ۔منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں26 کروڑ 50لاکھ17ہزار 940شیئرز رہیں جوپیرکے مقابلے میں22لاکھ72ہزار220 شیئرززائد ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیورفوڈز کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت463.00روپے اضافے سے9724.00روپے اورباٹا پاک کے حصص کی قیمت 43.71روپے اضافے سے3899.00روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی ایکسائیڈ پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت80.00روپے کمی سے1650.00جبکہ کولگیٹ پامولوکے حصص کی قیمت59.50روپے کمی سے1760.00روپے ہوگئی ۔منگل کو پاک الیکٹرون کی سرگرمیاں 3کر وڑ 8 لاکھ 78 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں . ،جس کے شیئرز کی قیمت1.85روپے اضافے سے58.19روپے جبکہ جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں2کروڑ50لاکھ 55 ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت24پیسے اضافے سے21.59روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس65.51پوائنٹس کمی سے 22362.50پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس17.68پوائنٹس اضافے سے 55033.18جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس39.97پوائنٹس کمی سے 24802.10پر بند ہوا ۔

مزید : کامرس