ٹپ سوسائٹی میں اسی سال زیر زمین وائرنگ مکمل کرلی جائیگی،ساحر رشید

ٹپ سوسائٹی میں اسی سال زیر زمین وائرنگ مکمل کرلی جائیگی،ساحر رشید

 لاہور(کامرس رپورٹر)ٹیلیفون انڈسٹریز پاکستان (ٹپ)کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 2 میں رواں سال زیر زمین بجلی کی وائرنگ مکمل کرلی جائے گی تاہم فوری طور پر مکینوں کی سہولت کیلئے مارچ 2015ء تک 200کے وی کا نیا ٹرانسفارمر لگایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار خیابان امین کے چیف ایگزیکٹو ساحر رشید نے ٹپ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سالانہ اجلاس عام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سوسائٹی کے صد ر شیخ انعام اور جنرل سیکرٹری وقار اے شیخ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔اجلاس عام میں متفقہ طور پر ٹپ سوسائٹی میں زیر زمین بجلی کی فراہمی سمیت دیگرمعاملات کا جائزہ لینے کے دو رکنی کمیٹی انجم اقبال اور اشتیاق احمد پر تشکیل دی گئی ۔یہ کمیٹی خیابان امین کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹپ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکینوں کو درپیش مشکلات اور بجلی و گیس سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کرے گی۔اجلاس عام میں سوسائٹی کے سالانہ حسابات کی منظوری بھی دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری وقار اے شیخ نے سالانہ ایجنڈا پیش کیا جن میں بتایا گیا کہ رواں سال ٹپ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 2میں زیر زمین بجلی کی وائرنگ مکمل کر لی جائے گی جبکہ مارچ تک 200کے وی کا نیا ٹرانسفارمر بھی لگا دیا جائے گا اس کے علاوہ مکینوں کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔

مزید : علاقائی