عوام کوبہتر طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان

عوام کوبہتر طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور ( جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے سیکنڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے لئے منظورکردہ اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے چیف منسٹر ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کورارٹرز ہسپتالوں کیلئے وزیر اعلی کے منظور کردہ اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ سلیمان مفتی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام علی بہادر قاضی، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈویلپمنٹ محمود حسن، ڈائریکٹر ہیلتھ (ہیڈ کوارٹرز) ڈاکٹر احمد عفیفی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے خصوصی مراعات کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ پیکج ہر ہسپتال کے لئے مختلف رکھا گیا ہے جسے زیادہ دور دراز علاقوں اور دیگر عوامل کو سامنے رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نےDHQ اوTHQ ہسپتالوں کے ایم ایس، ای ڈی او ہیلتھ کے لئے پرفارمنس کی بنیا دپر نقد حوصلہ افزائی کی بھی منطوری دی ہے ۔ اجلاس میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے لاہور، ملتان ، راولپنڈی اور فیصل آباد ریجن کی سطح پر چار ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا؛ ٹیم کا سربراہ میڈیکل کالج کا پرنسپل ہو گا جبکہ متعلقہ شعبہ کا پروفیسر ، کمشنر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شامل ہوں گے جبکہ لاہور کی کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر تینوں ریجن کی کمیٹیوں میں ایڈیشنل سیکرٹریز ہیلتھ کو شامل کیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام بھرتیاں خالص میرٹ کی بنیادپر ہوں گی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں 10 بنیادی سپیشلٹیزکے ڈاکٹرز جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں 5 بنیادی سپیشلٹیز کے ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں گے۔

مزید :

علاقائی -