بھارت کے پاکستان کے بارے میں خطرناک عزائم ہیں، ذوالفقار چیمہ

بھارت کے پاکستان کے بارے میں خطرناک عزائم ہیں، ذوالفقار چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 جدہ(محمداکرم اسد سے) بھارت کے پاکستان کے بارے میں خطرناک عزائم ہیں۔یہ ہماری ایٹمی قوت ہی ہے جو اسے پاکستان کے خلاف جارہانہ اقدام سے باز رکھ رہا ہے۔ اس دشمن سے ہمیشہ چوکس رہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے یہاں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب اور اپنی کتاب ’’پاکستان کا مستقبل اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب کر تے ہوئے کیا ۔سفیر پاکستان منظور الحسن اور قونصل جنرل کا آفتاب احمد کھوکھر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی وطن کے حالات سے مایوس ہو جاتے ہیں ایسی کوئی بات نہیں ،مسائل ضرور موجود ہیں لیکن ان کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ اگر پاکستانی اداروں اور معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرکے حب الوطنی کو فروغ دیا جائے تو اس کا شمار بہت جلد دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہونے لگے گا۔ ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ منتشرقوم کو سانحہ پشاور نے متحدکر دیا ہے ۔ اورآج قوم دہشت گردوں کے خلاف یک زبان ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر افسر کرپشن سے پاک ہو تو کامیابیاں ان کا پیچھا کرتی ہیں۔انہوں نے اوورسیزپاکستانیوں سے کہا کہ وہ دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنے آپ کو سیاست سے پاک رکھیں گے اورگروپوں اورپارٹیوں میں بٹنے کی بجائے صرف اور صرف قومی پرچم کو ہاتھ میں تھامے اپنے میزبانوں کو بتا ئیں کہ پاکستانی ایک مضبوط اور متحد قوم ہے ۔ اپنے عملوں سے دیارغیرمیں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے اپنی کتاب سے بھی اقتباسات پڑھ کر سنائے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم متحد نہیں ہونگے اس وقت تک دشمن ہمیں کمزور کرتا رہیگا ۔ اس لئے سب ایک آواز ہو کر پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ کریں۔ان سے پہلے قونصل جنرل آفتاب احمد کھوکھر نے اپنے مہمان خصوصی کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قابل اور ایماندار افسروں کی کمی نہیں،جن میں ذوالفقارچیمہ کا ماضی ہمارے سامنے ہے ان کی کامیابی کا راز ہی ایمانداری،نیک نیتی اور جذبہ حب الوطنی سے کام کرتا ہے۔ سفیر پاکستان منظور الحق جو خصوصی طور پر ریاض سے آئے تھے نے کہا کہ ملک میں پیشرفت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ لہٰذااقتصادی شمارے اس کی گواہی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ذوالفقارچیمہ کی کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سول سروس والوں کے لئے رہنما ثابت ہو گی انہوں نے کچھ اقتسابات بھی پڑھے۔ڈپٹی قونصل جنرل آصف میمن نے نظامت کے فرائض انجام دیتے۔آخرمیں ذوالفقار چیمہ نے سوالوں کے جواب دیتے اورکمیونٹی کی شرکت کو سراہا۔

مزید :

علاقائی -