پیپلز پارٹی کا سینٹ کیلئے ایم کیو ایم سے جوڑپھرتوڑ میں بدلے گا،حافظ حسین

پیپلز پارٹی کا سینٹ کیلئے ایم کیو ایم سے جوڑپھرتوڑ میں بدلے گا،حافظ حسین

 اوکاڑہ (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا سینٹ الیکشن کے لئے ایم کیو ایم سے لگایا گیا ’’ جوڑ‘‘ 3مارچ کے بعد پھر’’توڑ‘‘ میں بدلے گا‘ رحمان ملک لندن سے واپس آنے کی بجائے وہیں رک کر ’’جوڑ‘‘ کے ’’توڑ‘‘ میں تبدیل ہونے کو روکیں تاکہ الطاف ’’بھائی‘‘ کی منت سماجت کیلئے دوبارہ سفر لندن نہ کرنا پڑے‘ الطاف عمران کو اور عمران الطاف کو پاگل کہہ رہے ہیں ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ دونوں میں سے کسی کے دعوے کی تردید کریں ‘ بادی النظر میں کچھ ہو گا تو ہی دونوں راہنما ایک دوسرے کو ان اعزازات سے نواز رہے ہیں ۔ منگل کو اوکاڑہ کے صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ الطاف بھائی نے ملک میں پورا مارشل لاء اور کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ لگتا ہے کہ نواز شریف اور راحیل شریف اب الطاف کا مطالبہ ماننے لگے ہیں ۔اب کراچی میں جو کچھ ہو گا اسکے ذمہ دار الطاف بھائی ہوں گے۔ویسے تضاد کی انتہا یہ ہے کہ کراچی میں تعینات رینجرز کی قیادت بھی تو فوج سے ہی ہے رینجرز کے اقدامات پر واویلا اور فوج کو بلائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ آصف زرداری موقع پرست ہیں نہ الطاف بلکہ دونوں موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کہتے ہیں کہ وہ عمران کو قیامت تک یاد رکھیں گے پتہ نہیں ایاز صادق کی قیامت کب آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کے سینٹ کے امیدواروں کی صوبائی سفارشات آج بدھ تک مولانا فضل الرحمان تک پہنچ جائیں گی

مزید : علاقائی