حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال کا اعلان واپس

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال کا اعلان واپس

لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبہ میں پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ردو بدل کے حوالے سے ہڑتال کے اعلان کو فوری طو رپر واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ وہ حکومتی اقدامات سراہتے ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی مکمل پیروی کریں گے ۔اس حوالے سے آج ٹرانسپورٹ ہاؤس میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور پبلک ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے درمیان ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا ۔اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت خان اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال واپس لئے جانے کے اعلان کو سراہا اور کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے حکومتی اقدامات کی پیروی کر کے محب وطن اور عوام دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ حکومت ٹرانسپورٹرز کے اس اعلان کو دل کی گہرائیوں سے سراہتی ہے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے پر توجہ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دے کر پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ عوام قیمتوں میں کمی کے ثمرات سے مکمل مستفید ہو سکیں ۔ حکومت ٹرانسپورٹرز کے جذبہ حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مزید : صفحہ اول