داعش نے ”نیوز ویک“ کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کر لیا، اوباما کی بیگم اوربیٹیوں کو دھمکیاں

داعش نے ”نیوز ویک“ کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کر لیا، اوباما کی بیگم اوربیٹیوں کو ...
داعش نے ”نیوز ویک“ کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کر لیا، اوباما کی بیگم اوربیٹیوں کو دھمکیاں

  

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) شدت پسند تنظیم دولت اسلامی ”داعش“ کے جنگجوﺅں نے جریدہ ”نیوز ویک“ کے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اکاﺅنٹ کو مبینہ طور پر ہیک کر لیا اور امریکی خاتون اول مشیل اوباما اور ان کی دونوں بیٹیوں کو دھمکی آمیز پیغام پوسٹ کر دیئے۔ کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد ٹوئٹر اکاﺅنٹ بحال کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ”ایف بی آئی“ کے ترجمان گوش ایرنسٹ نے بتایا کہ گزشتہ شب ہیکرز نے جریدہ 'نیوز ویک' کا ٹوئٹر اکاﺅٹ ہیک کرنے کے بعد اس پر ”میں داعش ہوں“کا پیغام پوسٹ کرنے کے ساتھ ایک دھمکی آمیز بیان میں صدر اوباما کی اہلیہ کو پیغام دیا کہ ”ہم آپ کا اور آپ کی دونوں بیٹیوں کا تعاقب کر رہے ہیں“۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے ”داعش“ کے اس دھمکی آمیز بیان کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اب نیوز ویک کا اکاﺅنٹ بھی بحال کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق داعش کی جانب سے یہ پیغام ممکنہ طور پر جنوری میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے مرتکب فرانسیسی جریدے 'چارلی ایبڈو' سے اظہار یکجہتی کا جواب ہے جس میں جریدے کی حمایت کرنے والوں نے 'میں چارلی ایبڈو' ہوں کے الفاظ استعمال کئے تھے۔ ہیکرز کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں مشیل اوباما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ”ہم آپ کا اور آپ کی صاحبزادیوں کا پیچھا کر رہے ہیں“۔

ایف بی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران شدت پسندوں کے حامی ہیکرز نے متعدد ابلاغی اداروں کی ویب سائٹس اور امریکی حکام کے اہم نوعیت کے اکاﺅنٹس کو ہیک کرنے کیلئے سائبر حملے کئے ہیں جن میں سے اکثر میں انہیں ناکامی کا سامنا رہا۔ واضح رہے کہ داعش کی جانب سے سائبر حملوں کی روک تھام کیلئے امریکی کانگریس نے قانون سازی بھی شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں امریکی صدر براک اوباما یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکی شہریوں اور ان کی املاک کے تحفظ کے لئے آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں