ایشیا کپ ، ورلڈ ٹی 20کیلئے سکواڈ کا اعلان ، بڑے نام فارغ ، نیا ٹیلنٹ ان

ایشیا کپ ، ورلڈ ٹی 20کیلئے سکواڈ کا اعلان ، بڑے نام فارغ ، نیا ٹیلنٹ ان

 لاہور(آئی این پی) بنگلہ دیش میں رواں ماہ کھیلے جانے والے ایشیا ء کپ اور بھارت میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء مقابلوں کے لیے پاکستان کے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ، ان مقابلوں کے لیے ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کو سونپی گئی ،سرفراز احمد کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ، ٹیم میں دو نئے کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نواز اور رومان رئیس بھی شامل ہیں، احمد شہزاد کو ڈراپ کر دیا گیا جبکہ عمر گل، محمد رضوان اور صہیب مقصود بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے، ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستان کی خواتین ٹیم کابھی اعلان کردیا گیا ،ثناء میر کو ویمن ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے شاہد آفریدی کو کپتان کی قیادت میں 15رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ،سرفراز احمد کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے ۔متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑی محمد نواز اور رومان رئیس پہلی مرتبہ قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ان کے علاوہ سلیکشن کمیٹی نے اوپنر خرم منظور کو پہلی بار ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں منتخب کر لیا ہے۔وہ اس سے قبل 16ٹیسٹ اور سات ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ 2014ء میں جبکہ آخری ون ڈے 2009ء میں کھیلا تھا۔خرم منظور نے اس سیزن میں کھیلے گئے قومی ایک روزہ کپ میں دوسنچریاں بنانے کے علاوہ گزشتہ ماہ پاکستان اے کی طرف سے انگلینڈ لائنز کے خلاف بھی سنچری سکور کی تھی۔مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر احمد شہزاد بالآخر ڈراپ کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کے علاوہ عمر گل، محمد رضوان اور صہیب مقصود وہ کھلاڑی ہیں جو سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔پاکستانی سکواڈ شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، خرم منظور، شعیب ملک، سرفراز احمد، عمر اکمل، افتخار احمد، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، انور علی، وہاب ریاض، محمد عرفان، محمد نواز اور رومان رئیس پر مشتمل ہے۔ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 24فروری سے چھ مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی بھارت میں نو مارچ سے شروع ہوگا۔شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 16مارچ کو کھیلنا ہے جبکہ 19مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستانی ٹیم بھارت نہ جا سکی تو ممکن ہے کہ اس کے میچ کسی تیسرے ملک میں ہوں۔دوسری جانب ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستان کی خواتین ٹیم کابھی اعلان کردیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے ٹی ٹونتی ورلڈ کپ کیلئے قومی ویمن ٹیم کی بھی حتمی منظوری دے دی ہے۔ ویمن ٹیم میں ثنا میر، ندیم راشد، ارم جاوید ، اسماویہ اقبال، انعم امین ، ثانیہ اقبال ، سعدیہ اقبال، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، سیدہ نین فاطمہ عابدی ،جویریہ ودود، بی بی ناہیدہ، سدرہ امین، بسمہ معروف اور منیبہ علی صدیقی شامل ہیں۔واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 15مارچ سے 3اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی