لاہورچیمبرکی آئی ٹی نمائش آج سے الحمراآرٹ گیلری میں شروع ہوگی
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تین روزہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نمائش آج (11فروری)سے الحمرا آرٹ گیلری میں شروع ہورہی ہے جس کا افتتاح صبح گیارہ بجے کیا جائے گا۔ معروف تاجر، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اس نمائش کا اہم حصہ ہونگے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انفارمیشن ٹیکنالوجی نمائش اس شعبے کی اہمیت کو اْجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکا لہذا تاجروں کو اپنے کاروباروں کے پھیلاؤ کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔