حلیم جان کے قاتل 24گھنٹوں میں گرفتار کیے جائیں: آل پاکستان انجمن تاجران

حلیم جان کے قاتل 24گھنٹوں میں گرفتار کیے جائیں: آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور ( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے نے خیبر پختون خواہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر صوبائی صدر حلیم جان کے قاتلوں کو آئندہ24 گھنٹے کے دوان گرفتار نہ کیا گیا تو پاکستان بھر کی تاجر برادری نااہل وزیر اعلی کے پی کے اور پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کے پی کے میں انجمن تاجران کے صوبائی صدر حلیم جان کے بیمانہ قتل میں ملوث ذمہ داران کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہ کرنے کے خلاف گزشتہ روزلاہور پریس کلب میں تمام تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری نعیم میرنے بھرپور پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا ، اس موقع پر چوہدری محبوب سرکی، اشرف بھٹی ، آغا عدنان، ملک کلیم، علی نصرت بٹ ، شیخ عرفان اقبال، بابر اسماعیل بٹ ، ملک طاہر، وقار احمد میاں ، چوہدری فیاض، شاہد نذیر ، یونس بیگ، ، میاں خلیل عبیر، رضوان بٹ، ملک فاروق حفیظ، میاں وقار حسین، حفیظ سندھو، شیخ اسرار،نعیم بادشاہ و دیگر تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ، انہو ں نے کہا کہ کے پی کے وزیراعلی پرویز خٹک صوبے کے انتظامی معاملات کو چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں اور صوبے کی پولیس کی کارکردگی جس کا دعوی اعمران خان کرتے ہیں کہ نمبر ون ہے درست نہیں ہے انہو ں نے کہا کہ قصہ خوانی انتہائی تنگ بازار ہے وہاں دن دھاڑے تاجر رہنما کا قتل انتہائی افسوس ناک امر ہے ، نعیم میر نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت عوام اور تاجروں کی زندگیوں کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے جبکہ اسکو وفاق کی جانب سے صوبے کے انتظامی معاملات چلانے کے لئے فنڈزدیے جاتے ہیں وہ کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں

، انہو ں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہا ر کرتے ہو ئے کہا کہ عمران خان نے صدر کے قتل پر ابھی تک کوئی مذمتی بیان نہیں دیا ، اگر صوبے میں قتل غارت کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو معاشی حالات مزید خراب ہوں گے اور کوئی بھی کے پی کے میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا ، انہو ں نے کہا کہ کے پی کے میں طالبان اور داعش اور پولیس کی ملی بھگت سے تاجروں سے کروڑو ں روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے ، جبکہ عمران خان صوبے میں پولیس کی کارکردگی دیگر صوبوں سے بہتر ہونے کا دعوی کرتے ہیں اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے کراچی کی طرز پر رینجرز تعینات کی جائے ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عمران کو سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے ،جبکہ صوبے میں پولیس کی نااہلی کی وجہ سے قتل و غارت اور کرپشن معمول بن گئی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلیم جان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لئے تاجروں سے ملاقات کریں اور جلد انکو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،

مزید : کامرس