پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے ملازمین ایڈوانس کے حق سے محروم

پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے ملازمین ایڈوانس کے حق سے محروم

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے ملازمین دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کی طرح ایڈوانس حاصل نہیں کرسکتے وہ اس حق سے محروم ہیں ۔قومی چینل میں فرائض انجام دینے والے کسی بھی ملازم کو جائز ضرورت کیلئے بھی ایڈوانس پیسے نہیں دیئے جاتے البتہ اگر کوئی ملازم دو ماہ کی رخصت پر جا رہا ہو تو وہ اپنی تنخواہ بطور ایڈوانس وصول کرسکتا ہے اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہوجائے تو اس کی بیماری پر آنے والے اخراجات ایم ڈی پی ٹی وی کی منظوری کے بعد ادا کردیئے جاتے ہیں۔اس حوالے سے پی ٹی وی کے ملازمین کہنا ہے کہ ایڈوانس کا حصول ہر سرکاری ملازم کا بنیادی حق ہے لیکن ہم اس حق سے محروم ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ ہمیں ہمارا جائز حق دے تاکہ ہم بھی اپنے بہت سارے کام بروقت کرنے کے قابل ہوجائیں۔ایک ملازم کے مطابق یہاں وہ پیسے نہیں ملتے جو پروڈیوسر کسی پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران خرچ کرتا ہے ایڈوانس تو دور کی بات ہے اس کے علاوہ ڈراموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو ڈرامہ ختم ہونے کے بعد بھی سالہا سال چیک کیلئے رلنا پڑتا ہے لہٰذا ایسا مطالبہ کرنا بھی فضول ہے۔

مزید : کلچر