تعلیم کو اہمیت دینے والی قومیں ہی دنیا میں مقام بناتی ہیں،منیر احمد سدھو

تعلیم کو اہمیت دینے والی قومیں ہی دنیا میں مقام بناتی ہیں،منیر احمد سدھو

لاہور(جنرل رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات منیر احمد سدھو اور کوآرڈینیشن سیکرٹری سلیم ساگی نے کہا ہے جس قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ اور استاد کو معاشرے میں صحیح مقام دیا جاتا ہے وہی قومیں آگے چل کر دنیا میں اپنا مقام بناتی ہیں۔ صوبہ پنجاب میں یکساں تعلیمی نظام کا رائج ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی آفس میں کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منیر احمد سدھو نے کہا کہ گزشتہ ادوار حکومت میں اس اہم شعبے میں پیش رفت اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہوتی رہی اور یہی حال اب بھی ہے۔ جب بھی قومی بجٹ آتا ہے اس میں تعلیم کے حوالے سے کوئی خاص قابل ذکر رقم نہیں ہوتی۔

بلکہ ہر سال بجٹ میں کمی ہی دیکھنے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہالوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرکے معاشرے کا بہترین فرد بنانے والے اساتذہ کی حالت بھی انتہائی دگرگوں ہے۔ آئے روز ہونے والے اساتذہ کے مظاہرے اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ شعبہ تعلیم پر حکومت کی دسترس پوری طرح مضبوط نہیں اور بہت سے ایسے تعلیمی معاملات ہیں جن سے پہلوتہی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جس تعلیمی پالیسی کا اعلان کرتی ہے اس پر کماحقہ عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا شفاف سسٹم قائم کرے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1