سندھ ہائیکورٹ نے شو آف ہینڈ سے بلدیاتی سربراہوں کا انتخاب غیر قانونی قرار دیدیا
کراچی(اے این این ) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں شو آف ہینڈ کے ذریعے انتخاب کی ترمیم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہی کرایا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے کی گئی لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف ایم کیوایم، فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی اور(ن)لیگ کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن کی سماعت کے بعد عدالت نے کیس پر فیصلہ سنادیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شو آف ہینڈ کے ذریعے بلدیاتی سربراہوں کا انتخاب غیر قانونی قرار دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے بلدیاتی سربراہوں کا انتخاب غیر قانونی ہے لہذا اس انتخاب کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہی کرایا جائے۔ واضح رہے صوبائی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں شوآف ہینڈ کا ترمیمی بل اسمبلی سے منظورکروایا تھا جس کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی تھی۔