ننکانہ مانانوالہ روڈ پر حادثہ،گیس ٹینکر میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 18افراد جھلس کر جاں بحق

ننکانہ مانانوالہ روڈ پر حادثہ،گیس ٹینکر میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 18افراد ...

شیخوپورہ،نواں کوٹ/ننکانہ(بیورورپورٹ،نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)فیصل آبادسے ننکانہ کی طرف جانے والے مانانوالہ روڈ پر موضع کوٹ وار کے قریب دھند کے باعث کار کے ٹکرانے پر ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کی دوخواتین اور تین بچوں سمیت18افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 24سے افراد شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح 8بجے کے قریب موضع کوٹ وار کے قریب ایک ایل پی جی ٹینکر سڑک کے درمیان سے موڑ کاٹ رہا تھا کہ دھند کے باعث ایک تیز رفتار کار ٹینکر کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ٹینکر کا وال ٹوٹ گیا اور اچانک آگ بھڑک اٹھی ،ٹینکر کے قریب سے گزرنے والے رکشوں،گاڑیوں میں موجود اور موٹر سائیکل سواروں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث رکشوں میں سکول جانیوالے معصوم بچے محمد حسیب،ولید ، حمزہ ،محمد منیب، فیضان احمد، زونیرہ ، لیڈی ٹیچرز شگفتہ، شزہ، آمنہ، ٹینکر ڈرائیور نور محمد، کنڈیکٹر حیدر علی موٹر سائیکل سوار نوجوان فرحان علی، کار سوار امجد علی،بلال احمد،وجاہت علی ،قیصر علی ،سلامت علی، عبدالمجید، سمیت 18 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ عبدالولید، وارث علی، محمد اشرف ، سکندر علی، احمد رضا، حیدر علی،عبدالرحمن ،عارف علی ،محمد علی ، عماد علی،ریاض احمد، انصر علی،کوثر بانو،صفیہ بی بی،انم بی بی، شذرہ بی بی اور امجد علی سمیت 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا جبکہ گیس لیکیج کی وجہ سے دم گھٹنے پر قریبی آبادی کے بے شمار افراد بھی بے ہوش ہو گئے۔آتشزدگی سے درجنوں دکانیں بھی خاکستر ہو گئیں،واقعہ کی اطلاع پا کر آر پی او ریجن 1 شہزاد سلطان کے علاوہ ضلع شیخوپورہ اور ضلع ننکانہ صاحب کے ڈی پی او ز ،ڈی سی اوز ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیزاور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز ریسکیو 1122 کے سینکڑوں جوان درجنوں گاڑیوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، زرائع کے مطابق ماشاء اللہ گیس کمپنی راولپنڈی سے منسلک گیس ٹینکر نمبر 990 کراچی نمبری جسے ڈرائیور نور محمد چلاتا تھا اور منگل کی رات اپنی بیٹی کو گھر چھوڑنے آیا اور گزشتہ روزصبح آٹھ بجے کے قریب نور محمد روڈ پر ٹینکر موڑ رہا تھا کہ شدید دھند کے باعث ایک کار تیز رفتاری کے باعث ٹینکر سے ٹکرا گئی ۔ آرپی او ریجن 1 شہزاد سلطان نے نے 24 گھنٹے میں واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

مزید : صفحہ اول