نیو ہمپشائر پرائمری انتخابات ،ڈیموکریٹک میں سینڈرس اور ری پبلکن میں ٹرمپ کی جیت

نیو ہمپشائر پرائمری انتخابات ،ڈیموکریٹک میں سینڈرس اور ری پبلکن میں ٹرمپ کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہرزمان، بیوروچیف) امریکی ریاست نیو ہمپشائر میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے الگ الگ ہونے والے پہلے پرائمری انتخابات میں بالترتیب ڈونلڈ ٹرمپ اور برنی سینڈرس جیت گئے ہیں۔ کاکسنریا پرائمری انتخابات کے ذریعے دونوں بڑی پارٹیاں دراصل مندوبین چنتے ہیں جو قومی کنونشن میں شرکت کرکے اپنی اپنی پارٹیوں کے حتمی صدارتی امیدوار کا فیصلہ کریں گے۔ منگل کے روز ہونے والے چناؤ کا اس وقت تک تقریباً 90 فیصد نتیجہ آچکا ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی اس ریاست سے کل 24 مندوب منتخب کرے گی اور سینیٹر برنی سینڈرس 60 فیصد ووٹ کے ساتھ مندوب حاصل کرچکے ہیں۔ سینیٹر ہیلری کلنٹن کو 38 فیصد ووٹوں کے سبب فی الحال 9 مندوب ملے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی اس ریاست سے 23 مندوب چنے گی۔ تقریباً نوے فیصد نتائج موصول ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو 35 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں 10 مندوب حاصل ہوگئے ہیں۔ اوہائیو کے گورنر جان کیسک کو 11.6 فیصد ووٹوں کی بناء پر 3 مندوب ملے ہیں۔ آئیووا کی ریاست میں سب سے پہلے کاکسنر میں برتری حاصل کرنے والے سینیٹر ٹیڈ کروز گیارہ اعشاریہ چھ فیصد ووٹوں کی بناء پر دو مندوب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔ جیب بش کو یہاں تھوڑی سی پذیرائی ملی ہے۔ تقریباً 11 فیصد ووٹوں کے ساتھ وہ بھی دو مندوب حاصل کر پائے ہیں۔نسبتاً کم آبادی والی اس چھوٹی ریاست میں بارش اور ہلکی پھلکی برف باری کے باوجود ووٹرز کا ریکارڈ ٹرن آؤٹ رہا۔ ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی کے بعد اپنے مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر جیت گئے ہیں اور جیت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ہم امریکہ کو اتنا عظیم بنا دیں گے جتنا وہ پہلے کبھی نہیں تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ ساؤتھ کیرولینا کے پرائمری انتخابات میں بھی وہ جیتیں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اوہائیو کے کاکسنر میں ہیلری کلنٹن کے ساتھ تقریباً برابر رہنے کے بعد نیو ہیمپشائر میں سینڈرس کی برتری کی توقع کی جا رہی تھی۔ کامیابی کے بعد اپنی تقریر میں سینیٹر سینڈرس نے کہا کہ ہم اس لئے جیتے ہیں کہ ہم نومبر کے انتخابات میں ڈیمو کریٹک پارٹی کو جتوانے کے لئے پوری توانائی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہیلری کلنٹن نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے سینڈرس کو مبارکباد دی اور یقین ظاہر کیا کہ وہ ایک بار پھر آگے بڑھیں گی۔

مزید :

علاقائی -