اقتدار میں آ کر امام مسجد کو ڈاکٹر اور انجینئر کے برابر تنخواہیں دینگے:سراج الحق

اقتدار میں آ کر امام مسجد کو ڈاکٹر اور انجینئر کے برابر تنخواہیں دینگے:سراج ...

پشاور(اے این این)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئین و جمہوریت کا تقاضاہے کہ جس مقصد کے لیے برصغیر کے لوگوں نے ہجرت کرکے پاکستان بنایا اس میں وہی نظام قائم ہو۔ہماری حکومت قائم ہوگی تو ہم مساجد میں نماز پڑھانے والوں کو ڈاکٹرز اور انجینئرز کے برابر تنخواہیں دیں گے ۔پا کستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے اس کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں جس سے ہماری آزادی اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔ علما اور دینی جماعتیں ان خطرات کا مقابلہ متحد ہوکر کریں۔ غربت، مہنگائی ،کرپشن اور قرضے غریب عوام کو مشکلات کی دلدل میں پھینک رہے ہیں ۔ پاکستان اس وقت جس بدامنی ، غربت ،جہالت ،لوڈشیڈنگ اور کرپشن کاشکار ہے وہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے اداروں کو تباہ کیاغریبوں کے ٹیکسوں کے پیسے لوٹ کر باہر کے بینکوں میں رکھے اور شہزادوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے صوبے میں سنیماگھروں کو آباد کرنے کی بات کی ہے حکومت پہلے سنیماگھروں کو آباد کرنے کے بجائے زلزلہ میں متاثرہونے والی مساجد، گھروں اور آئی ڈی پیز کو آباد کریں۔ ہم نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا ایجنڈ ا دیا ہے اس میں ادنیٰ سے لے کر میٹرک تک تعلیم مفت ہوگی اور والدین پابند ہوں گے کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں جو والدین اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیجیں گے ان والدین کو جیل بھیجیں گے ۔ مدارس اور سکولز کے لیے یکساں نصاب تعلیم ہوگا اور مسٹر اور ملا کی تفریق ختم کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق وہ المرکز اسلامی پشاور میں نفاذ اسلام کنونشن سے خطا ب کر رہے تھے ۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ مولانا عبید الرحمان عباسی ، عبدالاکبر چترالی ، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان اور دیگر نے بھی خطا ب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپٹ مقتدر طبقہ پی آئی اے،ریلوے،سٹیل ملز اور او جی ڈی سی ایل کی بندر بانٹ کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ اگر عوام بیدار نہ ہوئے تو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ہماری آزادی اور قومی غیرت پر حملہ آور ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان70ارب ڈالر کا مقروض ہے جو سود سمیت نوے ارب تک پہنچ جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کو کرپشن سے پاک پاکستان کا نعرہ دیا ہے۔ کرپشن سے پاک پاکستان کی تحریک عوام کی قسمت بدل دے گی ۔انھوں نے کہا کہ عوام کی قسمت پر مقتدر کرپٹ طبقے نے جو تالے لگائے ہیں اس کی چابی خود عوام کے پاس ہے۔ عوام بیدار ہوں گے تو یہ تالے خود بخود کھل جائیں گے۔

مزید : علاقائی