این اے 101 سے تحریک انصاف کے امیدوار شاہنواز چیمہ مسلم لیگ ن میں شامل

این اے 101 سے تحریک انصاف کے امیدوار شاہنواز چیمہ مسلم لیگ ن میں شامل

لاہور( جنرل رپورٹر)پا کستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے سابق صوبائی وزیر اور این اے 101 سے تحریک انصاف کے امیدوار شاہنواز چیمہ نے ملاقات کی اور غیر مشروط طور پر مسلم لیگ (ن )میں شمولیت اور این اے 101 سے پارٹی امیدوار افتخار چیمہ کی حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔موجودہ قومی قیادت پاکستان کو مسائل کے بھنور سے نکالنے اور صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے نیک نیتی سے کوشاں ہے جس کا عوام کو اللہ تعالی نے ثمردینا بھی شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار اور احتجاج کی بجائے تعمیر اور ترقی کے لئے کوششیں کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔شاہنواز چیمہ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی بہترین کارکردگی اور ملک و قوم کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ این اے 101 کے ضمنی الیکشن میں کسی شرط کے بغیر افتخار چیمہ کی انتخابی مہم میں اپنے تمام ساتھیوں سمیت بھر پور حصہ لیں گے ۔

مزید : علاقائی