ضمانت خارج ہونے پر ملزموں کی عدالت عالیہ کے احاطہ میں گرفتاری پر پابندی

ضمانت خارج ہونے پر ملزموں کی عدالت عالیہ کے احاطہ میں گرفتاری پر پابندی

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد ملزموں کی عدالت عالیہ کے احاطہ میں گرفتاری پر پابندی عائد کردی ۔اس سلسلے میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک سابقہ حکم جو 7اپریل 2014ء کو جاری کیا گیا تھا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ ملزم کی ضمانت خارج ہونے کے بعد پولیس اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اسے فوری طور پر گرفتار کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے عدالتیں اور عدالتی کارروائی بری طرح متاثر ہوتی ہے ،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 7اپریل 2014ء کے حکم نامہ پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اور ضمانت خارج ہونے پر کسی ملزم کو ہائی کورٹ کے احاطہ سے گرفتار نہ کیا جائے تاہم اگر فاضل جج اجازت دیں تو ملزم کو فوری طور پر گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔

مزید : علاقائی