منفرد تعمیرات اور یادگاریں کسی بھی شہر اور ملک کی شناخت ہوتی ہیں :گورنر سندھ

منفرد تعمیرات اور یادگاریں کسی بھی شہر اور ملک کی شناخت ہوتی ہیں :گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ منفرد تعمیرات اور یادگاریں کسی بھی شہر اور ملک کی شناخت ہوتی ہیں جن سے نہ صرف ان کے تہذیب و تمدن کا پتہ چلتا ہے بلکہ یہ ان کی تاریخ کا بھی اظہار کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاؤس میں کسٹم ہاؤس کے قریب ایڈلجی ڈنشا روڈ کی تعمیر نو اور تزئین کے دوسرے مرحلے کے بارے میں ایک بریفنگ کے موقع پر اپنے خطاب سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ایک حد تک درست ہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے اپنی تعمیر کی انفرادیت کے حوالے سے بہت کم عمارتیں کراچی میں تیار کی گئی ہیں اور ہم سب کو اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے شہر، گلیوں، محلوں اور اس کے چوراہوں کو کس طرح سے خوبصورت اور منفرد بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی فن قوموں کی شناخت اور ثقافت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس ضمن میں کسی قابل عمل منصوبے پر عملدرآمد کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی فنڈز کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں کی تزئین و آرائش اور انہیں دیدہ زیب بنانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کا م کیا جائے انہوں نے کہا کہ 8 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہونے والا ایڈلجی ذنشا روڈ کی تزئین و آرائش کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد سڑک پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ خوبصورت دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کو مزید بہتر بنانے کے لئے 10 کروڑ روپے کے مجوزہ دوسرے مرحلے کے لئے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں جلدہی تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں اور اداروں کا اجلاس طلب کرکے اس بارے میں واضح حکمت عملی بنائی جائے گی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سڑک کی تزئین کے دوسرے مرحلے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کے لوگوں کو خوشگوار تبدیلی محسوس ہوگی بلکہ کراچی کے دیگر علاقوں کے عوام بھی اس سے محظوظ ہوسکیں گے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو سڑک کی تزئین و آرائش کے دوسرے مرحلے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، معراج زبیری، شاہد احسن اور طارق ہدیٰ بھی موجود تھے۔