پاک قطر تکافل اور آئی ایم ایس پشاور کا تعلیمی پروگرام متعارف

پاک قطر تکافل اور آئی ایم ایس پشاور کا تعلیمی پروگرام متعارف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(کامرس رپورٹر)پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ (پی کیو ایف ٹی ایل) نے تکافل کے فروغ کیلئے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان کے سرکردہ تعلیمی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم ایس) کے ساتھ باہمی مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت تکافل سے متعلق تربیتی و آگاہی پروگرامز متعارف کرائے جائینگے۔باہمی مفاہمت کی یہ یاداشت ملک میں اسلامی فنانس کے شعبے میں اسپیشلسٹ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسلامی معیشت و فنانس میں ریسرچ اور اس کی ترقی کیلئے وسائل سے بھرپور حب کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔باہمی مفاہمت کی اس یاداشت پر پشاور میں سینٹر فار ایکسیلینس ان اسلامک فنانس(سی ای آئی ایف) کی جانب سے اسلامی معیشت ،بینکاری و فنانس میں ترقی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر دستخط کئے گئے۔یہ کانفرنس مقامی و بین الاقوامی ریسرچرز کو ایک موثر ڈائیلاگ پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے حوالے سے ڈیزائن کی گئی تھی۔باہمی مفاہمت کی یہ یاداشت پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ اور آئی ایم ایس پشاور کے درمیان شریعہ کمپلائنٹ انشورنس ماڈل تکافل کے سلسلے میں تربیتی سیشنز،سرٹیفکیشن،ڈپلومہ پروگرام اور ڈگری پروگرام کیلئے اسٹریٹجک پارٹنر شپ قائم کرے گی۔اس اقدام کے تحت چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز،ٹریڈ ایسوسی ایشنز،تعلیمی اداروں،یونیورسٹیوں اور مدارس سمیت دیگر فورم پر تکافل سے متعلق آگاہی سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔سینٹر فار ایکسیلینس ان اسلامک فنانس نے اسلامک بزنس اینڈ فنانس میں پی ایچ ڈی،اسلامک بینکنگ و تکافل میں ایم بی اے اور اسلامک فنانس میں دیگر تربیتی پروگرامز پر مشتمل تعلیمی پروگرامز بھی متعارف کررکھے ہیں۔پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو افسر ناصر علی سید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بہترین تکافل کمپنی کے اعزاز کے فوری بعد ہم آئی ایم ایس پشاور کے اشتراک سے اس تعلیمی پروگرام کو متعارف کرانے پر انتہائی فخر محسوس کررہے ہیں،پاکستا ن میں سال2007سے تکافل کے آغاز کے بعد سے پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈانفرادی،گروپس اور بینکا تکافل خدمات کے ضمن میں اپنی بہترین مہارت فراہم کررہی ہے،ہماری ایوارڈ یافتہ پراڈکٹس انتہائی اعلیٰ اور بہترین خدمات لئے ہوئے ہیں۔پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کے ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ کمیو نیکشنز ڈپارٹمنٹ نامیر خان کا کہنا تھا کہ یہ تو محض شروعات ہے اور ابھی تکافل میں انقلابی اقدامات کے ضمن میں اور بہت کچھ آگے آئیگا۔پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کا مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکشنز ڈپارٹمنٹ نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر تکافل کی ترقی کیلئے پر عزم ہے ۔پاک قطر تکافل گروپ کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنا اور عمومی سطح پر اپنی سرگرمیوں کے ذریعے تکافل کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں سے اس صنعت کو فروغ دینا ہے۔اس دوروزہ کانفرنس کے موقع پر ایک بزنس ایکسپو کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں اسلامک فنانس سے متعلق انسٹی ٹیوشنز کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی اور ان انسٹی ٹیوشنز کو نہایت ہی ہائی پروفائل شرکاء کے سامنے اپنی مصنوعات کی نمائش اور مارکیٹنگ کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا ۔سینٹر فار ایکسیلینس ان اسلامک فنانس اسلامک فنانس کے فروغ کیلئے بینکوں اور تکافل کمپنیوں کے درمیان روابط پیدا کررہا ہے اور اس ضمن میں سینٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے جدید ریسرچ اور تعلیمی پروگرامز کے ذریعے تکافل کمپنیوں اور بینکوں کے عملے کی استعداد میں اضافے کیلئے بھی کوشاں ہے۔سینٹر فار ایکسیلینس ان اسلامک فنانس پاکستان میں موجود تین سینٹرز آف اسلامک فنانس میں سے ایک جبکہ خیبر پختونخواہ میں پہلا سینٹر ہے ،یہ سینٹر آئی ایم ایس پشاور کی جانب سے اگست2015میں قائم کیا گیا تھا۔