تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے انٹرا پارٹی انتخابا ت کی مخالفت کر دی

تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے انٹرا پارٹی انتخابا ت کی مخالفت کر دی

 اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کی سینکڑوں کارکنوں نے مخالفت کر دی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم قانون پر عمل کرتے ہیں اور انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کے آرڈیننس 2002 میں لازمی قرار دیئے گئے ہیں اور ہر سیاسی پارٹی یہ انتخابات کروانے کی پابند ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر سینکڑوں کارکنوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہونے چاہئیں اس طرح کارکنوں کے حقوق کا استحصال ہوتا ہے محنتی اور سرگرم کارکن پیچھے رہ جاتے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری الیکشن کمیشن کرنل خالد ظہور کا کہنا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لوگ اس کی کیوں مخالفت کرتے ہیں ۔ انٹرا پارٹی الیکشن پاکستان الیکشن کمیشن کے آرڈیننس 2002 میں لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے قانون کے تحت ہر سیاسی پارٹی الیکشن کروانے کی پابند ہے تاہم ورکرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن نچلی سطح جا کر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں حتی کہ یونین کونسل میں بھی ٹریننگ سیشن منعقد کرے گا تاکہ لوگوں کو اس سارے سسٹم کی آگاہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وہ ووٹنگ کا ایک سسٹم بنا رہے ہیں اور اس سسٹم میں طاقت عوام کے ہاتھ میں ہو گی تمام کارکن ڈائریکٹ ووٹنگ سسٹم کے تحت ووٹنگ میں شامل ہوں گے اور اس طرح سے مرکزی اور صوبائی عہدیداران کا چناؤ ہو گا ۔

تحریک انصاف

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر