پنجاب حکومت کی اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے قانون میں ترمیم ، نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت کی اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے قانون میں ترمیم ، نوٹیفکیشن جاری

حیدر آباد ٹاؤن(اے این این) حکومت پنجاب نے اوور لوڈنگ کے خاتمہ کے لئے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرکوں، ٹرالوں کی رجسٹریشن، منسوخ اور بغیر لائسنس باڈی تیار کرنے والوں کی فیکٹریاں سیل کرنے کا فیصلہ، جبکہ اوور لوڈنگ کے جرمانوں کی شرح میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت پنجاب نے اوور لوڈنگ کے باعث حادثات کی شرح میں اضافہ کے بعد اوور لوڈنگ کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں آج سے اطلاق ہو گا۔ اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ایس ایس پی ٹریفک سرگودھا ڈویژن رانا مسرور احمد نے گزشتہ روز ٹرانسپورٹروں اور یونینز کے نمائندگان کو ایک ہنگامی میٹنگ طلب کرتے ہوئے نئے ترمیمی آرڈیننس سے آگاہ کیا، میٹنگ میں ڈی ایس پی ٹریفک نیلوفر حیات، انچارج ٹریفک سٹی نعیم رضا شاہ اور انچارج ایجوکیشن یونٹ ملک محمد اشرف و دیگر افسران شامل تھے۔ حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرکوں، ٹرالیوں اور ٹرالوں میں اوور لوڈنگ کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کے دوران 10 فیصد اوور لوڈنگ پر پہلی مرتبہ ایک ہزار روپیہ، دوسری مرتبہ دو ہزار روپے، 11 فیصد سے 30 فیصد اوور لوڈنگ پر پہلی مرتبہ 2 ہزار، اور دوسری مرتبہ چار ہزر روپے، 30 فیصد سے زیادہ اوور لوڈنگ پر پہلی مرتبہ پانچ ہزار اور دوسری مرتبہ 7 ہزار روپے نقد جرمانہ ہو گا۔ بار بار چالان اور جرمانہ کے باوجود باز نہ آنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹرک، ٹرالی اور ٹرالوں کی رجسٹریشن معطل کر کے وہیکل (گاڑیوں) کو بند کر دیا جائے گا۔ ایس پی ٹریفک رانا مسرور احمد نے ٹرانسپورٹروں کو بتایا کہ باڈی بنانے والے ایسے کارخانوں اور فیکٹریوں، ورکشاپوں جن کے پاس لائسنس نہیں ان کو پہلی مرتبہ 10 ہزار روپیہ اور دوسری مرتبہ ورکشاپ سیل کر دی جائے گی۔ ایسے افراد جن کے پاس لائسنس موجود ہیں اور وہ باڈیاں تیارکرتے ہیں کو باڈی بنانے کا مکمل ریکارڈ اپنے پاس رکھنے کے لئے پابند کیا جائے گا۔ اگر ریکارڈ نہ رکھا گیا تو پہلی مرتبہ پانچ ہزار روپے جرمانہ وارننگ، دوسری مرتبہ 10 ہزار روپے جرمانہ کے علاوہ ان کا لائسنس منسوخ ہو جائے گا۔ اوور لوڈنگ کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے حکم پر نئے احکامات پر آج سے سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ اول