صحت ، تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی قائم کی جائے،ڈاکٹر اے کیو خان
لاہور(پ ر) چیئرمین ڈ اکٹر اے کیو خان ہسپتال ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کو صحت سے متعلق مسائل میں کمی لائی جا سکے جبکہ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی کا اعلان کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک کی قیادت میں میڈیکل وفد سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے ان وسائل سے آج تک استفادہ نہیں کیا گیا۔ مخیر حضرات کی مدد سے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اس کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرائیویٹ سیکٹر اور حکومت دونوں کو ملکر تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔جس کے لئے ہر سال بجٹ میں رقم کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں جدید تقاضوں کے مطابق صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان اپنے قدرتی وسائل سے استفادہ کرے تو اسے کسی بھی عالمی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔