صوبے بھر میں ’’ ای روز گار‘‘ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہاہے، ڈاکٹر عمر

صوبے بھر میں ’’ ای روز گار‘‘ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہاہے، ڈاکٹر عمر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)چیئر مین پی آئی ٹی بی و مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو با عزت روز گار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں ’’ ای روز گار‘‘ سنٹر کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔جس کے تحت 55کروڑ 11 لاکھ روپے کی لاگت سے پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں 10 سنٹرقائم کیے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے 36 اضلاع میں باقی 30 سنٹرز 3 ماہ کے اندر اندر مکمل کر لیے جائیں گے جہاں پر 3 مرحلوں میں 10 ہزار پڑھے لکھے نوجوانوں کو ای روز گار کی ٹریننگ دی جائیگی اُنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے بھر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روز گار کے نئے مواقعوں سے روشناس کروانے کا باعث بنے گا۔

یہ بات اُنہوں نے آج ارفع کریم ٹاور میں ای روز گار سکیم کے تحت پنجاب کی 10پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اِس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ میٹنگ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین ، کومسیٹ سے ریکٹرڈاکٹر سید محمد جنید زیدی، گورنمنٹ کالج فار وویمن یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر نورین عزیز قریشی ، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یار خان سے ڈاکٹر اطہر محبوب ، لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی سے ڈاکٹر رخسانہ کوثر ،یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سے ڈاکٹر اقرار احمد خان ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی سے ظہیر سرور نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ای روز گار سکیم کے تحت صوبہ بھر میں 40 سنٹر قائم کیے جائیں گے اور ہر سنٹر میں 50 سے لیکر 100 تک لیپ ٹاپ رکھے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی گذشتہ دو سال سے اس منصوبے پر کام کر رہا تھی۔ منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو انٹر نیٹ کے ذریعے با عزت روز گار کی فراہمی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں فری لائنسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے اورسوفٹ ویئر کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد فری لائنسنگ کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سوفٹ ویئر کی برآمدات کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس منصوبے سے نوجوان 50 ہزار سے لیکر 7 لاکھ روپے ماہوار کما سکیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگلے تین ماہ میں صوبے بھر میں تمام ای روز گار سنٹر مکمل کر لیے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایچ ای سی سے منظور شدہ ڈگری کے حامل 35 برس سے کم عمر افراد اس منصوبے کے تحت رجسٹرڈ ہو سکیں گے۔