سائنس کالج وحدت روڈ لاہور کے سالانہ ادبی مجلہ ’’ دبستان‘‘ کی تعارفی تقریب

سائنس کالج وحدت روڈ لاہور کے سالانہ ادبی مجلہ ’’ دبستان‘‘ کی تعارفی تقریب

لاہور (پ ر) گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ لاہور کے سالانہ ادبی مجلہ ’’ دبستان‘‘ کی تعارفی تقریب ہجویری ہال میں سوسائٹیز بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی ۔ صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر اعزاز احمد خاں نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈی پی آئی کالجز پنجاب پروفیسر جہانگیر احمد چودھری تھے ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر شکیل عباس زیدی نے انجام دیے ۔ دیگر مقررین میں کالج مجلہ کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر ایوب ندیم ، سوسائٹیز بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر ممتاز احمد ، پروفیسر محمد ایوب منیر اور محمد جواد حسن شامل تھے ۔ پروفیسر جہانگیر احمد چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ و طالبات کی قلمی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے ۔ کیوں کہ اس سے نہ صرف اُن کی تحریر میں پختگی آتی ہے ، بلکہ اِس سے اُنھیں اپنا مافی الضمیر بیان کرنے کے ہنر سے بھی آشنائی حاصل ہوتی ہے ۔

انھوں نے مجلسِ ادارت کے جملہ ارکان کو ایک معیاری مجلہ مرتب کرنے پر مبارکباد دی ۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر اعزاز احمد خاں نے کہا کہ دبستان میں طلبہ و طالبات کی تحریروں کی کثیر تعداد میں اشاعت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کالج میں کس قدر با صلاحیت نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ کالج کی تعمیر و ترقی اورہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ میری اولین ترجیہات ہیں ۔مجلہ کے مدیر اعلیٰ اور معروف ادیب ڈاکٹر ایوب ندیم نے کہا کہ دبستان کا موجودہ شمارہ اول تا آخر کالج اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی نثری و شعری نگارشات پر مشتمل ہے اور اس لحاظ سے صحیح معنی میں کالج کا آئینہ ہے ۔ آخر میں پرنسپل کی جانب سے مہمانِ خصوصی اور مدیر اعلیٰ کو شیلڈز ، جبکہ منتخب تحریروں پر طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4