سول لائنز ڈویژن کے زیر اہتمام پالیسنگ کے حوالہ سے اہم اجلاس

سول لائنز ڈویژن کے زیر اہتمام پالیسنگ کے حوالہ سے اہم اجلاس

 لاہور(کرائم رپورٹر)سول لائنز ڈویژن کے زیر اہتمام الحمرا ہال نمبر 1میں کمیونٹی پالیسنگ کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں رکن قومی اسمبلی پر ویز ملک ،رکن پنجاب اسمبلی میاں شہباز ، خاتون رکن پنجاب اسمبلی فرزانہ بٹ ، ایس پی سول لائنزسید علی رضا ،چیئر مین یونین کونسلز ،یونین کو نسلز ممبران، سٹی پولیس لائنز ن کمیٹی، سول لائنز ڈویژن کے تمام ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوزاور محرران،امن کمیٹی ،مصالحتی کمیٹی اور کمیونٹی کوارڈنیٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس کی کمیونٹی پالیسنگ کو کامیاب بنانے کی تمام تر کوششوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔سی سی پی او لاہور اور ان کی ٹیم نے شہر میں تھانہ کلچر کی تبدیلی اور عام آدمی کی دادرسی کیلئے بلا تاخیر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ لاہو رشہر کے تھانوں میں روائتی تھانہ کلچر جیسی کوئی چیز نہ ہے ۔رکن پنجاب اسمبلی میاں شہباز نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس کے افسران نے ہرسماجی مسئلہ پر عوام کے ساتھ مل کر مشکل کا مقابلہ کیا ہے اور مکمل کوارڈینشن سے معاملات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی فرزانہ بٹ نے کہا ہے کہ شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے خواتین کو بھی لاہور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا چا ہئے۔ایس پی سول لائنز علی رضا نے اس موقع پر کہا کہ پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتی ۔ہماری کوشش ہے کہ پولیس اور عوام کے نظریہ کو فروغ دے کر کمیونٹی پالیسنگ کے نظام میں بہتری لائی جائے۔

مزید : علاقائی