12ویں چولستان جیپ ریلی کا آغاز، 52گاڑیوں نے حصہ لیا
بہاولپور(بیورورپورٹ)منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی احمر ملک نے بارہویں چولستان ڈیزرٹ ریلی 2017ء کا ڈیراور فورٹ اسٹیڈیم میں فلیگ آف کر کے آغاز کر دیا۔ یہ ریلی پری پیئرڈ کیٹگری(Prepared Category)پر مشتمل تھی جس میں 52گاڑیوں نے حصہ لیا۔ آج پہلے مرحلہ میں پری پیئرڈ گاڑیوں کی ریس کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو گیا جبکہ اس کیٹگری کا دوسرا راؤنڈ 12فروری کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پری پیئرڈ کیٹگری کے پہلے راؤنڈ میں52ڈرائیورز نے شرکت کی جس میں ایک تھائی لینڈ ڈرائیور سونگ یاس(Song yas)بھی شامل تھا۔افتتاحی تقریب میں جنرل منیجر ٹی ڈی سی پی اسجد غنی طاہر، چیئر مین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل صدیقی نے فلیگ آف کیا۔ اس تقریب میں سیاسی وسماجی رہنما، سول سوسائٹی کے افراد اور علاقہ کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں شرکاء نے نہایت جوش وخروش سے حصہ لیا۔پری پیئرڈ کیٹاگری480کلومیٹر پر محیط ہے جبکہ پہلا راؤنڈ210 کلومیٹر اور دوسرا راؤنڈ270کلومیٹر پر مشتمل ہے۔چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کامیاب بنانے کے لئے ڈویژنل وضلعی انتظامی افسران، محکمہ صحت، آرمی، رینجرز، پولیس، سول ڈیفنس، بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو1122 کے افسران وملازمین موجود تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔