پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ، جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں لیپر و سکوپی کاآغاز، 2کامیاب آپریشن

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ، جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں لیپر و سکوپی کاآغاز، ...

 لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار لاہور جنرل ہسپتال میں سرکاری سطح پر ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں لیپرو سکوپی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی "مریض دوست پالیسی "کو آگے بڑھاتے ہوئے گزشتہ روز ایل جی ایچ کی ایمرجنسی میں ابتدائی طور پر دو مریضوں نے اس سہولت سے استفادہ کیا جبکہ آنے والے دنوں میں اس سہولت کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گایہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال شعبہ سرجری کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، پروفیسر افسر علی بھٹی ، پروفیسر محمد وارث فاروقہ اور ڈاکٹر سکندر حیات گوندل کی شب و روز محنت کے باعث ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں لیپرو سکوپی کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملی اور تشخیصی لیپرو سکوپی کا عمل شروع ہو نے سے ایل جی ایچ پنجاب کے دیگر ہسپتالوں سے منفرد حیثیت کا حامل ہو گیا ہے۔ ابتدائی طور پر سرجیکل ون کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر احمد نعیم نے واربر ٹن کے رہائشی ادریس اور حافط آباد سے تعلق رکھے والے شہری ناصر کی ایمرجنسی میں کامیاب لیپرو سکوپی کی اور ہسپتال کی تاریخ میں ایک نئے باب کااضافہ کیا ۔اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مریض اور ان کے لواحقین ہسپتال انتظامیہ ، معا لجین اور بالخصوص محکمہ صحت حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کر رہے ہیں پرنسپل نے کہاکہ جنرل ہسپتال کو ماڈل اور مریض دوست بنانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دستیاب وسائل پوری طرح سے مریضوں اور ان کے لواحقین کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے مستقبل کے اہداف کے حصول کے لئے کام جاری رکھیں گے اور حکومت پنجاب کے وضع کردہ میعار اور وزیر اعلی کی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لئے اپنی ٹیم کے ہمراہ پرخلوص کو ششیں کرکے ادارے کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1