مہنگائی،بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی حکومتی دعویٰ پورا نہیں ہوا،میاں مقصود

مہنگائی،بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی حکومتی دعویٰ پورا نہیں ہوا،میاں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(وقائع نگار )امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث آج پاکستان کی بیشتر آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔ مہنگائی،بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے حکومت نے بڑے بڑے دعوے کیے مگر افسوس ایک بھی پورا نہیں ہوا۔ ملک میں غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔

تشویش ناک امر یہ ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری اور غیر یقینی مستقبل کی وجہ سے معاشرے میں خود کشیوں کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس ڈگریاں تو موجود ہیں لیکن ان کے لیے حکومت کے پاس روزگار نہیں۔ قومی اداروں کو کرپشن اور بدانتظامی سے تباہ و برباد کرکے فروخت کیاجارہاہے۔ نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی بندر بانٹ اور لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں یتیموں ،بیواؤں، ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت حکومت خودکرے۔عوام کے لیے تعلیم کا حصول آسان ہو اور مظلوموں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے۔ معیشت اور بنکاری کا نظام سود سے پاک ہو۔ خدمت خلق کرنا اور ملک کو حقیقی معنوں میں مدینہ منورہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کبھی آمریت نے اس ملک کو سب سے پہلے پاکستان کانعرہ لگاکر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تو کبھی برسراقتدار آنے والی سیاسی جماعتوں نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر اپنی تجوریاں بھریں۔وقت کاتقاضا ہے کہ ملک وقوم کی تقدیر کے ساتھ کھیلنے کاسلسلہ بند ہواور لوٹ مار کرنے والوں کا کڑااحتساب کیا جائے۔

Back to Conversion Tool