اوورسیز پاکستانیز کمیشن نے 50پلاٹس کا قبضہ اصل مالکان کو دلادیا

اوورسیز پاکستانیز کمیشن نے 50پلاٹس کا قبضہ اصل مالکان کو دلادیا

لاہور(اپنے نمائندے سے)اوورسیز پاکستانیز کمیشن(او پی سی) پنجاب کی کاوشوں کے نتیجے میں ایڈن ہاؤسنگ سکیم کے منصوبوں ایڈن گارڈنز اور ایڈن ریزیڈنشیا لاہور میں 50 پلاٹس کا قبضہ ان کے مالک اوورسیزپاکستانیوں کے حوالے کردیاگیا ہے۔اوورسیز پاکستانیوں نے 10 سال قبل اس سکیم میں پلاٹ بک کروائے تھے لیکن مختلف وجوہ کی بنا پر انہیں قبضہ نہیں مل سکا تھا۔کمشنر اوپی سی پنجاب افضال بھٹی نے ایک تقریب کے دوران ان پلاٹس کے مالکانہ حقو ق کی دستاویزات اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے کیں۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے او پی سی کو شکایات بھجوائی تھیں کہ پیسے ادا کرنے کے باوجود انہیں پلاٹس کا قبضہ نہیں دیا جارہا جس پر کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں پلاٹس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ افضال بھٹی نے مزید بتایا کہ او پی سی اس سے قبل اسی ہاؤسنگ سکیم میں 90گھروں کا قبضہ بھی اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے کر چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پرہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اور اس سکیم کے دیگر متاثرہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بھی جلد از جلد ازالہ ممکن بنایا جائے گا۔ افضال بھٹی نے کہا کہ اوپی سی پنجاب سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے لئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کررہا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر