موجودہ دور میں پاکستان امریکہ تعلقات کو فروغ ملا ہے، خلیل طاہر سندھو
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر اقلیتی امو ر و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو سے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیونے امریکی قونصلیٹ میں ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر رابرٹ سائمن کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم،صحت،خوراک اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون و دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خلیل طاہر سندھو نے یوری فیڈ کیو کو حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کی ترقی کیلئے جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہمیشہ سے دوستانہ روابط رہے ہیں جنہیں موجودہ دور میں مزید فروغ اور استحکام حاصل ہوا ہے۔ حکومت کے ٹھوس اقدامات سے پنجاب سمیت ملک بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے صورتحال میں بہتری آئی ہے جسے یورپی یونین،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں نے بھی سراہا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات و ترقی کے مساوی مواقعوں کی فراہمی کیلئے نمایاں عملی اقدامات کئے ہیں ۔ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق ، اظہار اور عبادت کی مکمل آزادی حاصل ہے ،صوبائی محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور نے پنجاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ،سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ،اقلیتی مشاورتی کونسل کا قیام،طلبا و طالبات کے لئے تعلیمی وظائف،لیپ ٹاپ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ یوری فیڈ کیو نے حکومت پنجاب کی طرف سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اورانسانی حقوق کے تحفظ ،خواتین پر تشدد اور انہیں ہراساں کئے جانے کے خلاف قانون سازی،بھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیمی پیکج،صحت و تعلیم کے عوامی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں ہونے والی تیز رفتار ترقی انتہائی قابل ستائش ہے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں میں حکومت پنجاب اور امریکہ کی حکومت کے درمیان پہلے سے جاری تعاون کو آنے والے دنوں میں مزید فروغ حاصل ہو گا۔