ڈپٹی میئرز ،وائس چیئر مینوں کے اختیارات میں اضافہ

ڈپٹی میئرز ،وائس چیئر مینوں کے اختیارات میں اضافہ

لاہور(لیڈی رپورٹر )ترجمان محکمہ بلدیات پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فوری طور پر پنجاب اسمبلی نے قانونی ترامیم کے ذریعے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے ڈپٹی میئرز اور وائس چیئر مینوں کے اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئندہ کارپوریشن، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی مئیر اور وائس چیئرمین کریں گے۔ حالیہ ترامیم کی روشنی میں وائس چیئرمین یونین کونسلزبھی اپنے ہاؤس میں سپیکرجیسے فرائض سر انجام دیں گے۔ ہاؤس میں ہونے والی تمام کارروائی و اجلاس کی صدارت کرسکیں گے۔ یونین کونسل کے بجٹ کی تیاری، منظوری اور جاری اخراجات جن میں ترقیاتی و دیگر امور شامل ہیں وائس چیئرمین یہ امور یونین کونسل کی منظوری کیلئے پیش کریں گے ۔منظوری کے بعداخراجات کا مکمل ریکارڈ مرتب کرائیں گے۔ یونین کونسل میں وائس چیئرمینوں کا کلیدی کردار ہو گا۔ محکمہ بلدیات نے بلدیاتی اداروں کو اپنے بجٹ فوری طور پر ہاؤس سے منظور کرانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔بجٹ اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمین ہی کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر