کسٹمر سرو سز کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،عمران صمد

کسٹمر سرو سز کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،عمران صمد

مظفر آباد(خصوصی رپورٹ)بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے مینجنگ ڈائریکٹر عمران صمد نے عملے کو کسٹمرز کی ضروریات پوری کرنے اور کسٹمر سرو سز کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ یہ بات انہوں نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر، نارتھ ریجن کی مینجرز بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں ڈویژنل ہیڈز، ریجنل اور زونل چیف نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران عمران صمد نے اس ضرورت پر زور دیا کہ کسٹمرز کو ایسی موثر کسٹمر فرینڈلی خدمات فراہم کی جائیں جو کہ کاروباری ضروریات کو بھی پورا کرتی ہوں۔ انہوں نے مینجرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی محنت سے بینک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائیں۔ اور آزاد جموں وکشمیر میں اسے ایک قابل بھروسہ نام کے طور پر متعارف کروائیں۔ انہوں نے بینک ملازمین کو ایک بینک ایک ٹیم کا کلچراپنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سٹاف اور ملازمین پرزور دیا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر بینک کے ذریعے عام عوام کے مفاد اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے ریاست کے تمام ریجنز کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کام کریں۔

مزید : صفحہ آخر