حکومت جانے والی ہے
حیدر آباد(اے این این) پیپلزپارٹی کے رہنما ء مولا بخش چانڈیو نے کہاہے کہ پاناما لیکس نے حکومت کو پاگل کردیا ہے یہ حکومت مسافر ہے اور بہت جلد جانے والی ہے، مسلم لیگ (ن)نے اپنے طور پر جانے کی تیاری کرلی ۔ حیدرآباد میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاناما نے وفاقی حکومت کو پاگل کردیا ہے یہی انہیں گھربھیجے گا اب ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسافر حکومت ہے اس کے اختتام پذیر ہونے کے دن آگئے ہیں اور مسلم لیگ(ن)نے اپنے طور پر جانے کی تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اخلاقی جوازکھو بیٹھی ہے پورے ملک کا بجٹ صرف لاہورپرخرچ کردیا گیا ،پنجاب میں لوگوں کو سرعام لوٹا اور مارا جارہا ہے، عوام پرحیسکوکے مظالم جاری ہیں اور کوئی پوچھنے والانہیں، مسلم لیگ(ن)کی ہر سکیم ناکام ہو گئی ہے، نوازشریف نے سپرپائی وے کے صرف 70کلومیٹرکا افتتاح کیا اور ڈھول بجاکرچلے گئے ان کے کسی وزیر کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں آتا جبکہ میٹھے لہجے والے پرویزرشید بھی شعلے برسا رہے ہیں۔ رہنما ء پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم افراتفری کی کیفیت سے بچنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نفرتوں پر یقین نہیں رکھتی ہماری جانب سے صرف بلاول بھٹوزرداری کے چارمطالبات کی جدوجہد چل رہی ہے۔