جنگ مسلط کی گئی تو سخت جواب دیں گے ، حسن روحانی

جنگ مسلط کی گئی تو سخت جواب دیں گے ، حسن روحانی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ،ٹرمپ نے جنگ تھوپنے کی کوشش کی تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ایران کے ساتھ دھمکی کی زبان نہیں چلے گی۔ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق تہران کے معروف آزادی سکوائر پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی بھی کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی وہ ایسا کرنا چاہتا ہے، ایران کے بدخواہوں کو چاہئے وہ ایران کو میلی آنکھ سے دیکھنے سے باز رہیں کیونکہ ایران ایک طاقتور ملک ہے اور کوئی بھی ہماری طرف بری آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ریلی سے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ علاقہ کی کچھ ناتجربہ کار قوتیں اور امریکہ ایران کو دھمکیاں دے رہے ہیں،ان ملکوں کو چاہئے ایران اور اس کے عوام کا احترام کریں، ان ممالک کو علم ہونا چاہئے کہ ایران پر ان دھمکیوں کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر کہا کہ ان کے ملک پر جنگ تھوپنے کی کوشش پر وہ پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں،خطے کے بعض ممالک کے علاوہ امریکہ ایران کو دھمکی دے رہا ہے، ان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ایران کے ساتھ دھمکی کی زبان نہیں چلے گی، اگر ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول