امن مشق 2017،غیر ملکی مندوبین کی پاکستانی میزبانی کی تعریف

امن مشق 2017،غیر ملکی مندوبین کی پاکستانی میزبانی کی تعریف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امن مشق 2017میں شریک غیرملکی فوجی مندوبین نے امن مشق کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستانی میزبانی کی تعریف کی ہے۔جمعہ کوامن مشق2017کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیاسے بات چیت میں چین کی بحریہ کے مشن سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور دوستی دن بہ دن فروغ پارہی ہے۔ امن مشق میں حصہ لینا چینی بحریہ کے لئے ایک اعزاز ہے۔ امن 2017ایک بڑی بحری مشق ہے۔ جس میں بڑی تعداد میں ملک حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مشق دنیا کی نیوی کے درمیان تعلقات فروغ دینے کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ ترکی کے مشن انچارج ریئر ایڈمرل یلشم سیان نے کہا کہ امن مشق ایک بڑا بحری اجتماع ہے۔ جس سے ہم سیکھنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کیلئے آئے ہیں۔ ڈنمارک کے پاکستان میں ملٹری اتاشی کرنل کم نے کہاکہ امن 2017ایک بہت بڑی مشق ہے۔ اس میں بہت سے ملک شریک ہیں۔ ڈنمارک مشق میں بطور مبصر شریک ہورہا ہے۔ اور یہ جاننا چاہتا ہے کہ خطے میں کیاہورہاہے۔برطانوی شپ ڈیئرنگ بھی امن مشق 2017میں شامل ہے۔ اس کے کمانڈر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ رائل نیوی پہلے بھی امن مشق میں شریک ہوچکی ہے اور اس شعبے میں تعاون لازمی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم خطے کے سمندری معاملات کو سیکھنے آئے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول