پولیس میں اصلاحات ، انتظامیہ و مالی خود مختاری کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے : انیسہ زیب

پولیس میں اصلاحات ، انتظامیہ و مالی خود مختاری کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے : ...

 مردان ( بیورورپورٹ)صوبائی وزیر برائے معدنی ترقی و محنت محترمہ انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے نئے پولیس ایکٹ میں پولیس میں کیے گئے اصلاحات اور انتظامی ومالی خود مختاری کو مکمل قانونی تحفظ دی گئی ہے ۔خیبر پختونخواپولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ عظیم قربانیاں دی ہیں جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔وہ پولیس سکول آف پبلک ڈس آرڈر اور رائٹ منیجمنٹ طورو مردان میں 27 ویں تربیتی کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں ۔تقریب سے سکول کے ڈائریکٹر ایس پی مشتاق خان اور ڈائریکٹر اکیڈمک کرنل (ر) ظفر گل نے بھی خطاب کیا ۔انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا پولیس اصلاحات کے حوالے سے چاروں صوبوں میں سب سے آگے ہے اور ہماری حکومت نے پولیس کے لیے جدید دور سے ہم آہنگ پولیس ایکٹ پہلے کی نافذ کردیا ہے جس میں پولیس کو تمام تر مالی اور انتظامی خودمختاری دینے کے ساتھ ساتھ جوابدہی کا ایک مکمل نظام وضع کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے پولیس سکول طورو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج عوام کا حق ہے تاہم قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں والوں سے نمٹنے کے لیے یہاں حاصل کی گئی تربیت پولیس فورس کے لیے نہایت ہی مددگار ثابت ہوگی ۔اُنہوں نے اس حوالے سے جدید بے ضرر آلات کے استعمال کو سراہا اور کہاکہ خیبر پختونخوا پولیس آئی جی ناصر خان درانی کی قیاد؂ت میں ایک جاندار اور مؤثر فورس بن گئی ہے اور اُنہوں نے کے پی پولیس کی قیادت کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور بلاشبہ قلیل عرصے میں کے پی پولیس جو پہلے بھی دیگر صوبوں کے مقابلے اچھی تھی ان کی قیادت میں مزید بہتر ہوئی ہے اور آگے جاکر یہ بین القوامی معیار کی پولیس فورس بن جائے گی ۔اُنہوں نے کہا کے پی پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔اس نے صفوت غیور شہید، عابد علی شہید ، ملک محمد سعد شہید ،عابد علی شہید ، خان رازق شہید اور ایسے سینکڑوں اور ہزاروں سپوت پیدا کیے جس نے دھرتی ماں کے تحفظ اور اس کے شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کرتے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے جسے قوم کبھی نہیں بھلاپائے گی ۔وزیر معدنی ترقی و محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے سکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔بعدازاں اُنہوں نے تربیت مکمل کرنے والے افسروں اور جوانوں میں اسناد تقسیم کیے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول