سکولوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں : محمد عاطف

سکولوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں : محمد عاطف

 مردان ( بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے مردان کے مختلف سکولوں میں جاری ترقیاتی کا م پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام کو بروقت مکمل کریں۔انہوں نے کہاہے کہ تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل اور تاخیری حربے کسی بھی صورت میں برادشت نہیں کیے جائینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سینیٹینیل ماڈل سکول فار بوائز اینڈ گرلز مردان،گورنمنٹ پرائمری سکول کاروان روڈ اور گورنمنٹ ہاےئر سیکنڈری سکول چمتار کے دورے کے موقع پر کیا۔کھیل و ثقافت کے پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے زاہد درانی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ضیاء الدین،ڈی ای او فی میل ثمینہ غنی،اے ڈی او پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سید اکرام،سکول کے پرنسپلز عنایت علی،مس نہایت بیگم اورپروفیسر معین الدین بھی اس موقع پرموجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم طلباء میں گھل مل گئے اور ان سے اساتذہ کی پڑھائی کے بارے میں استفسار کیا۔محمد عاطف خان نے کہاہے کہ سکولوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر اربوں روپے کے فنڈز خرچ ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے بننے سے طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق علم و ہنر سکھائے جارہے ہیں۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نئے تعلیمی سال سے قبل تمام سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کی جائے اور تعمیراتی کام مکمل کیا جائے۔محمد عاطف خان نے اساتذہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں طلباء کودوستانہ ماحول میں پڑھایا کریں اور کہا کہ طلباء پر جسمانی تشدد کرنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

مزید : کراچی صفحہ اول