سندھ ہائیکورٹ ،دودھ کے نرخوں سے متعلق رپورٹ طلب

سندھ ہائیکورٹ ،دودھ کے نرخوں سے متعلق رپورٹ طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کمشنر کراچی سے دودھ کے نرخوں کا تعین کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔درخواست گزار عمران شہزاد نے موقف اختیار کیا کہ شہر بھر میں ہول سیلر 2500 روپے سے لے کر 2600 روپے فی من دودھ فراہم کر رہے ہیں جس کے مطابق فی لیٹر دودھ کی قیمت 63 روپے سے بھی کم بنتی ہے ۔لیکن ریٹیلر مافیاشہر میں دودھ 84 روپے سے لے کر 100 روپے فی لیٹر تک دودھ فروخت کر رہی ہے جبکہ عدالت نے کمشنر کراچی کا2 مارچ 2016 میں80 روپے فی لیٹر دودھ کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سنتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وزیر اعلی نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کے لئے قانون سازی کی سمری منظور کی تھی اس پر عمل در آمد کیوں نہیں ہوا۔ سندھ فوڈ کا محکمہ ہونے کے باوجود قیمتیں کیوں نہیں کنٹرول کی جارہی ہیں ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اب تک یہ بل اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا ۔عدالت نے کمشنر کراچی سے دودھ کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔