یمن میں10سال سے پھنسے 7 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
کراچی(صباح نیوز)یمن میں ایک عشرے سے پھنسے 7 پاکستانیوں اور ان کے خاندان کی مشکل آسان ہوگئی۔ساتوں پاکستانی مچھیرے دفتر خارجہ اور آئی سی آرسی کی مدد سے آزادہوکر وطن واپس پہنچ گئے ۔کراچی اور بلوچستان کے ماہی گیرلگ بھگ دس برس قبل مچھلی کے شکار کے لیے گئے مگر بھٹک کر انٹرنیشنل پانیوں میں پہنچ گئے اور واپس نہ آسکے ۔قسمت ان مچھیروں کو یمن لے گئی جہاں وہ صنعا شہر کی سینٹرل جیل میں قید کردیے گئے ۔ اپنے پیاروں کو دیکھنے کے خواہش مندوں کی دوریاں ہفتہ کو ختم ہوگئیں۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دفترخارجہ کی کوششوں سے 7پاکستانیوں کو رہائی ملی۔
یہ پاکستانی گزشتہ رات اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے ۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کی نمائندہ اور دفتر خارجہ حکام نے یمن سے واپس آنے والے 7پاکستانیوں کا ان کے اہل خانہ کے ہمرا ہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
دس برس قبل اپنے پاﺅں پر چل کر مچھلی کے شکارکے لیے جانے والے ایک ماہی گیر کو وطن واپس پہنچنے پر وہیل چئیر پر ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا ۔ انٹرنیشنل لاﺅنج سے باہر آنے پر یہ ماہی گیر اپنوں سے گلے ملےتو فرط جذبات میں ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے ۔واپس پہنچنے والے ماہی گیر آج دوپہر میں اپنے خاندان کے ہمارے آئی سی آر سی کے دفتر میں پریس کانفرنس میں اپنی روداد پیش کریںگے۔