لبنان کی سیاسی قوتیں خود کو غیرجانب دار رکھیں، سلامتی کونسل کا مطالبہ

لبنان کی سیاسی قوتیں خود کو غیرجانب دار رکھیں، سلامتی کونسل کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک(این این آئی)عالمی سلامتی کونسل نے لبنان کی ایران نواز حزب اللہ ملیشیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ملک کی تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر جانب داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بیرونی محاذ آرائی سے خود کو دور رکھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ لبنان کی تمام سیاسی جماعتوں کی پہلی ترجیح ملک کی تعمیرو ترقی ہونی چاہیے۔ اس بیان کا مقصد حزب اللہ کو پیغام دینا تھا جو ایک طرف لبنان کی حکومت کا حصہ ہے اور دوسری طرف اس کے جنگجو شام اور بعض دوسرے ملکوں میں بھی موجود ہیں۔
سلامتی کونسل نے لبنان کی مسلح تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کونسل کی ان قراردادوں پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں جن میں ان سے ہتھیار پھینکنے پر زور دیاگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہتھیار رکھنے کی مجاز صرف حکومت ہے اور کسی تنظیم کے مسلح ہونے کی حمایت نہیں کی جائے گی۔عالمی سلامتی کونسل نے لبنان میں قومی حکومت کی تشکیل کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ لبنان میں اکتیس جنوری کو نو ماہ کی طویل کوششوں کے بعد سیاسی جمود ٹوٹا اور قومی حکومت کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی۔سلامتی کونسل نے لبنان کی تمام سیاسی قوتوں پر ملک کو درپیش اقتصادی، سماجی، امن وامان او انسانی چیلنجز سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا اور ساتھ ہی لبنانی حکومت پر ملک میں اصلاحات متعارف کرانے، کرپشن کے خاتمے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات پر زور دیا گیا۔

مزید :

عالمی منظر -