پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے: شکیل ایڈووکیٹ

پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے: شکیل ایڈووکیٹ

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخواہ کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک کی سلامتی بقاء اور استحکام کیلئے ایماندار قیادت کی ضرورت تھی جو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں مل گئی ہے ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کادور گزر چکا ہے۔اب عوام عملی کاموں پر یقین رکھتے ہیں۔وزیر مال کا کہنا تھا کہ اے این پی‘پی پی پی‘مسلم لیگ(ن) اور جے یو آئی کی سیاہ سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے اور عوام ان کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں ، دوسری سیاسی پارٹیوں نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن‘لوٹ کھسوٹ‘اقراباء پروری‘بدعنوانی‘تقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کرنے کے سیوا کچھ نہیں کیا ، انہوں نے ملائشیاء اور دیگر یورپی ممالک میں بینک بیلنس بنانے‘کاروبار کرنے اورذاتی مفادا ت کے لئے عوام کے مفادات پر ڈاکہ ڈالا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہے اور سرکاری وسائل غریب عوام پر خرچ کررہی ہے ، انہی خدمات کی بناء پرپی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اورمقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کچھ بھی کرلیں پی ٹی آئی کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔شکیل احمدنے کہا کہ اس ملک کو کرپٹ سیاستدانوں کی کوئی ضروت نہیں۔وہ ہمیشہ غریبوں سے ووٹ حاصل کرکے اقتدار کی کرسی تک پہنچتے ہیں اوربعد میں انہیں غریب عوام کے مسائل کااحساس نہیں ہوتا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وقتی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ غریب عوام کی بے لوث اور بلا امتیار خدمت اور ان کے مسائل ومشکلات حل کرنا ہی ان کا مشن ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر