بھارتی فوج نے لگام میں مزید 5کشمیری نوجوان شہید کر دیئے، مقبول بٹ کے یوم شہادت پر آج پورے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان

بھارتی فوج نے لگام میں مزید 5کشمیری نوجوان شہید کر دیئے، مقبول بٹ کے یوم ...

سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کولگام کے علاقے کیلم میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔یہ کارروائی بھارتی فوج کی 9راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طورپر کی تھی۔فوجیوں نے آپریشن کے دوران ایک مکان بھی تباہ کردیا۔ قابض حکام نے ضلع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں جبکہ جنوبی کشمیر میں ٹرین سروس بھی معطل کی گئی ہے۔ دریں اثناء بھارتی فورسز کے آپریشن اور نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لیے کولگام کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیاگیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔دریں اثنا ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے یوم شہادت پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل طور پر ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کا اعلان حریت پسند رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کیاہے۔شہید مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر حریت پسند رہنماؤں کی جانب سے کل سری نگر کی لال چوک پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جب کہ اقوام متحدہ کے جرنل سیکریٹری کو بھی کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے یاد داشت بھیجی جائے گی۔

مقبوضہ کشمیر

مزید : صفحہ اول