پارلیمان میں ہماری اکثریت ، اپوزیشن کے بغیر بھی چلاسکتے ہیں : فواد چودھری

پارلیمان میں ہماری اکثریت ، اپوزیشن کے بغیر بھی چلاسکتے ہیں : فواد چودھری

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ اپوزیشن ملکی تاریخ کی غیر اخلاقی ترین اپوزیشن ہے ، چیئرمین پی اے سی کو کرپشن کیخلاف ڈھال کے طور پر بھی استعمال نہیں کریں گے ، پارلیمان میں ہماری اکثریت ہے، اپوزیشن کے بغیر بھی پارلیمان کو چلا سکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوں کیونکہ جب سے شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین بنے ہیں تب سے مسلسل قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وہ اپنی عدالتی کارروائی میں بھی پیش نہیں ہو رہے، وہ مسلسل منسٹر انکلیوز میں بھی رہ رہے ہیں اور پورے پروٹوکول سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے سعد رفیق کو بھی پی اے سی کا رکن بنانے کا کہا تاکہ اگر وہ اسمبلی سیشن میں نہیں تو انہیں بھی پی اے سی میں لے آیا جائے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ شہبا زشریف اور مسلم لیگ (ن) نے احتساب کے عمل سے بچنے کیلئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ایک ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف بذات خود اخلاقی طور پر پی اے سی کی چیرمین شپ سے استعفیٰ نہیں دیتے تو پھر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ممبران ووٹ کے ذریعے شہباز شریف کو ڈی سیٹ کر سکتے ہیں اور قانون میں بھی یہ آپشن موجود ہے جس پر پی ٹی آئی غور بھی کرے گی۔ دوسری طر ف فواد چوہدری نے یو اے ای سفیر کے ساتھ خوشگوار موڈ میں سلفی شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماد عبید الزابی ہمیشہ پاکستان کے مفاد کیلئے پیش پیش رہتے ہیں ۔ وزیراطلاعات اور پاکستان میں یواے ای سفیرورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شریک تھے۔

فواد چوہدری

مزید : صفحہ اول