پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت، آئی ایم ایف کیساتھ اشتراک کا فیصلہ ہو گیا : شاہ محمود قریشی

پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت، آئی ایم ایف کیساتھ اشتراک کا فیصلہ ہو گیا : ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا عالمی مالیاتی ادارے کی ایم ڈی سے ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اوروفد کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات مفید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ ہم آہنگی ہوگئی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ ہوا ہے، ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بنیادی اصولوں پر پیش رفت ہوئی ہے اور آگے بڑھنے کے بنیادی اصول پر پہنچ گئے ہیں، ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے اور ہم عنقریب مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی کا پروگرام لائیں گے اور پروگرام میں کم آمدنی والے طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ متحدہ عرب امارات میں ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور چاہتے ہیں کہ ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے اور بالخصوص پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مسائل نے بْری گورننس کی وجہ سے جنم لیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ اداروں کی پرفارمنس بہتر بنانے کا ماڈل لا سکیں۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول