نوازشریف میکاولی اور چانکیاکی سیاست کھیل رہے ہیں،فیاض چوہان

نوازشریف میکاولی اور چانکیاکی سیاست کھیل رہے ہیں،فیاض چوہان

لاہور)فلم رپورٹر)صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے نوازشریف کو صحت کا بہانہ بنا کر پتلی گلی سے لندن راہ فرار کا موقع نہیں دینگے، نوازشریف ’’میکاولی‘‘ اور ’’چانکیا‘‘ کی سیاست کھیل رہے ہیں، پہلے انہوں نے خود ہی واویلا مچا کر میڈیا میں جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کی ضد کی اور پھر دنیا نے دیکھا آل شریف اور مسلم لیگ کی قیادت نواز شریف کی ہسپتال سے جیل منتقل ہونے کی ضد کرتے نظر آئے لیکن ان کا یہ پلان کامیاب نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر نے فائن آرٹ کے سینئر آرٹسٹوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا قلم ، برش اور رنگو ں کی مدد سے آرٹ کے نادر فن پارے تخلیق کرنیوالے آرٹسٹ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، فن کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائینگی، آرٹسٹوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔دریں اثنا ء صوبائی وزیر نے حلقہ پی پی 17 کے دور ے کے موقع پر تحریک انصاف کے مقامی عہدیدران اور کارکنوں سے گفتگو میں کہا کارکنوں کی نشاندہی پر حلقے کے تمام بنیادی مسائل کو جلد از جلد حل کر لیا جائیگا،حلقے میں جاری سوئی گیس پریشر کی بحالی،صفائی ستھرائی، سیوریج ، واٹر سپلائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام بہت جلد مستفید ہونگے ، تحریک انصاف کے کارکن شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ شہریوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے،فیاض چوہان وفات پا جانے والے شہریوں کے گھرو ں میں گئے اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

فیاض الحسن

مزید : صفحہ اول